کھاریاں (بیورو رپورٹ) آر پی او گوجرانوالہ خرم شہزاد کے دورۂ کھاریاں پریس کلب کے دوران اُس وقت دلچسپ صورتِ حال سامنے آئی جب انہوں نے اپنے خطاب میں واضح کیا کہ سوشل میڈیا کی اپنی اہمیت ہے اور اسے کسی صورت نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔
آر پی او گوجرانوالہ کا یہ مؤقف اُن صحافیوں کے لیے حوصلہ افزا پیغام ہے جو سوشل میڈیا کے ذریعے عوامی مسائل اجاگر کر رہے ہیں، جبکہ کھاریاں پریس کلب سے الگ کیے گئے صحافیوں کے معاملے پر بھی کئی سوالات جنم لیتے ہیں۔ سوال یہ ہے کہ جب اعلیٰ پولیس افسران سوشل میڈیا کی اہمیت تسلیم کر رہے ہیں تو پھر کھاریاں پریس کلب میں سوشل میڈیا سے وابستہ صحافیوں کو الگ رکھنے کا جواز کیا ہے؟
دوسری جانب سوشل میڈیا کے غلط استعمال، سائبر جرائم اور غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) قائم ہے، جو اپنے دائرۂ اختیار میں سائبر جرائم کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔ ایسے عناصر کے خلاف قانونی کارروائی اپنی جگہ ضروری ہے، لیکن چند افراد کے غلط استعمال کی بنیاد پر سوشل میڈیا سے وابستہ تمام صحافیوں کی اہمیت کو نظرانداز کرنا بھی درست نہیں۔
آج کے دور میں صحافت محض پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا تک محدود نہیں رہی بلکہ سوشل میڈیا بھی اطلاعات کی ترسیل، عوامی مسائل کی نشاندہی اور حقائق کو سامنے لانے کا ایک مؤثر ذریعہ بن چکا ہے۔ ایسے میں سوشل میڈیا سے وابستہ صحافیوں کو ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور کردار کی بنیاد پر تسلیم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
