پشاور/اسلام آباد: جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ خواجہ آصف محترم اور بھائی ہیں، میں نے صرف تھوڑی گدگدی کی تھی، خواجہ آصف کو اگلے دن غصہ آیا، دیر سے یاد آنے والا مکا خود کو مارنا چاہیے۔
پشاور میں سوشل میڈیا کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہم تحمل کا مظاہرہ کر رہے ہیں، ہم نے جواب دیا تو آپ کے لیے سنبھالنا مشکل ہو جائے گا۔
دوسری جانب اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل جے یو آئی عبدالغفور حیدری نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کو نوٹس دیا جانا حکومتی ہلکے پن کا ثبوت ہے، حکومت دھمکیاں نہ دے بلکہ تفصیلات سامنے لائے۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کا گھر بےنامی ہے یا نیک نامی، حکومت حقائق سامنے لے آئے scan۔
عبدالغفور حیدری کا مزید کہنا تھا کہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ہمارا اچھا تعلق رہا ہے، میں اور مولانا فضل الرحمان ان کی شادی پر بھی گئے تھے، اب محسن نقوی کو پتا نہیں کیا ہو گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم بغیر تنخواہ کے ملک کے لیے قربانیاں دے رہے ہیں اور پاک فوج کی عزت کرنا سب کی ذمہ داری ہے جو ہم کرتے ہیں۔
