لاہور: پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے ملک بھر میں اسکولز ہاکی لیگ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پاکستان میں اسکولز ہاکی لیگ کے تحت ضلعی، تحصیل اور ڈویژنل مقابلے 15 نومبر سے شروع ہوں گے۔ اسکولز ہاکی لیگ کے صوبائی مقابلے جنوری اور قومی راؤنڈ فروری میں ہوگا۔ پی ایچ ایف کے مطابق اسکولز ہاکی لیگ کا مقصد اسکولوں میں ہاکی کو فروغ دینا اور قومی ٹیموں کے لیے نئے کھلاڑی تیار کرنا ہے، اسکولز ہاکی لیگ کے تحت چاروں صوبوں، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور اسلام آباد میں مقابلے ہوں گے۔ اسکولز ہاکی لیگ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے تحت کام کرے گی اور لیگ کے لیے الگ چیف ایگزیکٹو آفیسر ہوگا۔
پی ایچ ایف کا کہنا ہے کہ اسکولز ہاکی لیگ میں پہلی تین پوزیشنز حاصل کرنے والی ٹیموں کے کھلاڑیوں کے لیے ماہانہ وظیفے مقرر ہوں گے۔ پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم کے کھلاڑیوں کو ماہانہ 10 ہزار روپے وظیفہ ملے گا، دوسری پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم کے کھلاڑیوں کو ماہانہ ساڑھے 7 ہزار روپے وظیفہ دیا جائے گا جبکہ تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم کے کھلاڑیوں کو ماہانہ 5 ہزار روپے وظیفہ ملے گا۔ ان کھلاڑیوں کو ایک سال تک ماہانہ وظیفہ ملے گا۔
پی ایچ ایف کے مطابق اسکولز ہاکی لیگ کی فاتح ٹیم اور منتخب کھلاڑی بین الاقوامی دورے بھی کریں گے۔ اسکولز ہاکی لیگ کے تحت ہر سال 100 لڑکوں اور 100 لڑکیوں کو سمر کیمپس کے لیے منتخب کیا جائے گا، جہاں اسکولز ہاکی لیگ کے سمر کیمپس میں کوچنگ، فٹنس ٹریننگ اور تعلیمی ٹیوشن بھی دی جائے گی۔
