نومبر کے وسط میں اسلام آباد لانگ مارچ ہوگا، لیوی کا خاتمہ اور پیٹرول پر ریلیف دیا جائے: حافظ نعیم الرحمان کی وزیراعظم سے ملاقات کے بعد پریس کانفرنس

اسلام آباد: امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے اعلان کیا ہے کہ جماعت اسلامی نومبر کے وسط میں اسلام آباد لانگ مارچ کرے گی اور اب اسے ملتوی نہیں کیا جائے گا۔ وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کے بعد اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حکومت مارچ سے پہلے لیوی کے خاتمے کا کوئی نظام بنادے کیونکہ لیوی کا بوجھ مڈل کلاس اور غریب لوگ اٹھا رہے ہیں۔

حافظ نعیم الرحمان نے بتایا کہ اس بات پر اتفاق ہوگیا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات پر ریلیف بڑھا رہے ہیں، ہم کہتے ہیں کہ لیوی ختم کریں جبکہ حکومت کا کہنا ہے کہ مرحلہ وار ریلیف دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم حکومت سے مزید بات کریں گے لیکن نومبر کے وسط میں مارچ ہوگا، حکومت نے سات سے دس دن مزید مانگے ہیں۔ حافظ نعیم نے مطالبہ کیا کہ حکومت ہمارا مارچ شروع ہونے سے پہلے پیکج کا اعلان کرے، لیوی بھتا ختم ہونا چاہیے کیونکہ موجودہ ریلیف پیکج سے عوام کو زیادہ فائدہ نہیں ہورہا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہو سکتا ہے سڑک پر بیٹھ کر بات کرنا پڑے، ہم چاہتے ہیں پیٹرول کی قیمت میں بھی ریلیف ملے اور لیوی بھی ختم کی جائے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ اگر جماعت اسلامی احتجاج نہ کرتی تو کیا حکومت پیٹرول پر یہ ریلیف دیتی؟ انہوں نے تو 80 روپے کی لیوی 160 کر دینی تھی، ہمارے احتجاج کی وجہ سے حکومت پیچھے ہٹی ہے۔ ہمارا دباؤ حکومت پر موجود ہے اور ہم اس کو مزید بڑھائیں گے تا کہ لوگوں کو ریلیف ملے اور لیوی بھی ختم ہو، اگر جماعت اسلامی احتجاج نہ کرتی تو ریلیف پیکج بھی نہ آتا۔ سیاسی موقف پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جو حکومت ہوتی ہے بات اسی سے ہوتی ہے، وہ فارم 47 کے ہوں یا 48 کے، ہائی جیکر جہاز ہائی جیک کرلیتا ہے تو بات اسی سے کرنا پڑتی ہے۔

دوسری جانب وزیراعظم آفس کے اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی، جس میں وزیراعظم نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے عوام پر پڑنے والے بوجھ کا پوری طرح احساس ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ موجودہ بحران کا تعلق حکومتی پالیسیوں سے نہیں بلکہ علاقائی اور بین الاقوامی حالات کے پیش نظر تیل کی قیمتوں میں اضافے سے ہے، تاہم مالی استطاعت کے مطابق حکومت عوام کو ریلیف فراہم کر رہی ہے اور کرتی رہے گی۔

وزیراعظم نے جماعت اسلامی کے وفد کو کم آمدن طبقے کے لیے حکومت کے فراہم کردہ ریلیف کی تفصیل سے آگاہ کیا اور بتایا کہ اب تک ایک کروڑ 27 لاکھ افراد اس اسکیم میں رجسٹر ہو چکے ہیں۔ اعلامیے کے مطابق ملاقات میں حکومت اور جماعت اسلامی کے تین تین ارکان پر مشتمل کمیٹی قائم کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ یہ کمیٹی عوام کے لیے پیٹرول پر جاری ریلیف اسکیم کا دائرہ کار بڑھانے، زیادہ سے زیادہ مستحق عوام کے ریلیف اسکیم سے فائدہ اٹھانے سے متعلق سفارشات دے گی اور پیٹرولیم لیوی میں مرحلہ وار کمی کے لیے بجٹ کے قابل عمل تجاویز بھی مرتب کرے گی۔

Exit mobile version