راولپنڈی / جنوبی وزیرستان: پاک افغان سرحد پر افغان طالبان رجیم کی جانب سے کی جانے والی اشتعال انگیزی پر پاک فوج نے فوری اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا ہے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق جنوبی وزیرستان کے سرحدی علاقے انگور اڈہ میں افغان طالبان ریجیم نے شہری آبادی کو نشانہ بنایا۔ افغان طالبان رجیم کے اس بزدلانہ حملے کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 5 افراد شدید زخمی ہو گئے جبکہ ایک شہری نے جامِ شہادت نوش کیا۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک فوج نے افغان جارحیت کا فوری اور انتہائی مستعدی کے ساتھ بھرپور جواب دیا۔ پاکستانی افواج کی مؤثر جوابی کارروائی میں افغان فورسز کی متعدد چیک پوسٹوں کو تباہ کر دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق معصوم اور بے گناہ شہریوں پر حملے کے بعد پاک فوج کا دشمن کے خلاف بھرپور ردِعمل جاری ہے اور پاک فوج کے جوان دشمن کی کسی بھی قسم کی جارحیت کو ناکام بنانے کے لیے سرحد پر مکمل طور پر فعال اور الرٹ ہیں۔
