گجرات (پ ر): موہری شریف تحصیل کھاریاں ضلع گجرات میں انٹرنیشنل تین روزہ 33 واں سالانہ عرس مبارک حضرت الحاج خواجہ محمد معصوم یکم نومبر کو نہایت عقیدت و احترام سے منایا جائے گا۔ عرس مبارک کی تقریبات کا باقاعدہ آغاز بعد از نماز فجر ہوگا۔
اس عالمی روحانی اجتماع میں پورے ملک اور دنیا بھر سے آئے ہوئے مشائخ عظام، علماء کرام، مفتیان عظام، قراء و حفاظ حضرات کے علاوہ اندرون و بیرون ملک سے آئے ہوئے مریدین، زائرین اور خلفاء عظام کثیر تعداد میں شرکت کریں گے۔
انتظامیہ کے مطابق صبح 7 بجے زائرین اور آنے والے مہمانوں کے لیے ناشتے کا وسیع انتظام کیا جائے گا۔ دن بھر اندرون و بیرون ملک سے آنے والے عقیدت مند اور مریدین، حضرت خواجہ معصوم صاحب اور قبلہ عالم کے مزارات پر ذکر، درود و سلام کی صداؤں اور نذرانہ عقیدت کے ساتھ گل پاشی اور چادر پوشی کی سعادت حاصل کریں گے۔
شام کو بعد از نماز عصر مزار پاک قبلہ عالم اور خواجہ خواجگان عالمی مبلغ اسلام حضرت خواجہ محمد معصوم کے مزار کے غسل کی عظیم الشان تقریب منعقد کی جائے گی جو نماز عشاء سے قبل اختتام پذیر ہوگی۔ عشاء کی نماز کے بعد محفل ذکر اور محفل میلاد کا انعقاد ہوگا جو رات گئے تک جاری رہے گی۔
دو نومبر بروز پیر عرس کی تقریبات کا آغاز فجر کی نماز کے بعد ہوگا۔ اس نشست میں دنیا بھر سے آئے ہوئے مشائخ عظام، علماء کرام، مفتیان عظام اور خطباء حضرات حضرت خواجہ محمد معصوم کی دینی و ملی خدمات پر تفصیلی روشنی ڈالیں گے۔ بعد از نماز عشاء محفل ذکرِ خدا و میلادِ مصطفیٰ رات گئے تک جاری رہے گی۔ جبکہ 3 نومبر کو محفل پاک کا آغاز حسب معمول نماز فجر کے بعد ہوگا۔
