پنجاب میں 20 کلو آٹے کے تھیلے پر پابندی، صرف 10 کلو کا تھیلا فروخت کرنے کا فیصلہ، مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت ویڈیو لنک اجلاس منعقد ہوا، جس میں اشیائے خوردونوش کے نرخوں میں اتار چڑھاؤ پر تفصیلی رپورٹ پیش کی گئی۔ اجلاس میں اہم فیصلے کرتے ہوئے صوبے بھر میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی فروخت مستقل طور پر بند کرنے اور مارکیٹ میں صرف 10 کلو آٹے کے بیگ لانے کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ نے آٹے اور گندم کی اسمگلنگ روکنے کے لیے بین الصوبائی بارڈرز کی کڑی نگرانی کا حکم دیا، جبکہ تمام ڈپٹی کمشنرز کو اپنے متعلقہ اضلاع میں گندم کی بوائی کا ہدف پورا کرنے کی ہدایت جاری کی۔ انہوں نے تمام اضلاع میں سرکاری اراضی پر گندم کی کاشت کو یقینی بنانے کا بھی حکم دیا۔

اجلاس میں سبزیوں، دالوں اور دیگر اجناس سمیت 15 اشیائے خوردونوش کے نرخ کا تقابلی جائزہ پیش کیا گیا۔ اس موقع پر ہر ڈپٹی کمشنر کو اپنے علاقے کے کولڈ اسٹوریج میں کیلا، سیب اور کھجور کی اسٹوریج یقینی بنانے کا پابند کیا گیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب بھر میں منڈی مارٹ قائم کرنے کے لیے فوری طور پر اقدامات کیے جائیں۔

Exit mobile version