دارالعلوم جلالیہ چیلیانوالہ اسٹیشن میں اخلاقی و روحانی تربیت کی اہمیت پر اصلاحی لیکچر کا اہتمام کیا جائیگا


کھاریاں (قاری نصیر احمد کلیار) دارالعلوم جلالیہ چیلیانوالہ اسٹیشن میں اخلاقی و روحانی تربیت کی ضرورت و اہمیت کے موضوع پر خصوصی اصلاحی لیکچر کا اہتمام کیا جائے گا، جس میں ترکیہ کے معروف مذہبی اسکالر پروفیسر منیر توران خصوصی خطاب کریں گے۔ اس علمی و اصلاحی نشست کی سرپرستی شیخ الحدیث الحاج مفتی ڈاکٹر پیر سید محمد نوید الحسن شاہ مشہدی، سجادہ نشین درگاہ مقدسہ جلالیہ بھکھی شریف و مہتمم دارالعلوم جلالیہ چیلیانوالہ اسٹیشن، فرمائیں گے۔

پروفیسر منیر توران یونیورسٹی ارضروم، ترکیہ کے فارغ التحصیل ہیں اور دینی و علمی موضوعات پر اپنے خطابات کے حوالے سے معروف ہیں۔ وہ خصوصی لیکچر کے دوران اخلاقی اقدار کے فروغ، روحانی تربیت اور انسانی کردار کی تعمیر کے حوالے سے شرکائے محفل کی رہنمائی کریں گے۔
اس اصلاحی نشست کا مقصد طلبہ اور دیگر شرکائے محفل میں دینی و فکری شعور کو اجاگر کرنا، اخلاقی تربیت کی اہمیت کو واضح کرنا اور اصلاحِ احوال کے حوالے سے رہنمائی فراہم کرنا ہے۔ اس موقع پر علمی گفتگو کے ذریعے شرکاء کو اخلاقی و روحانی تربیت کی ضرورت اور عملی زندگی میں اس کی اہمیت سے روشناس کرایا جائے گا۔
دارالعلوم جلالیہ چیلیانوالہ اسٹیشن میں اس نوعیت کی علمی و اصلاحی سرگرمیوں کا انعقاد دینی تعلیم، کردار سازی اور فکری رہنمائی کے فروغ کی جانب ایک اہم کاوش ہے، جس کے ذریعے طلبہ اور معاشرے کے دیگر افراد میں مثبت اخلاقی اقدار کو فروغ دینے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

Exit mobile version