سرائے عالمگیر (ڈاکٹر تصور حسین مرزا) ڈی پی او گجرات فیصل شہزاد کی ہدایت پر گجرات پولیس کا منشیات فروشوں اور غیر قانونی شراب کے کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ اس سلسلے میں تھانہ سٹی سرائے عالمگیر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے تین ملزمان سے مجموعی طور پر 60 بوتل ولایتی شراب برآمد کر لی۔
تفصیلات کے مطابق ایس ایچ او تھانہ سٹی سرائے عالمگیر انسپکٹر سجاد اعظم نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے ملزم اکثر علی ولد عدالت خان، سکنہ آزاد کشمیر، سے 24 بوتل ولایتی شراب برآمد کی۔ اسی طرح ملزم اشبل ولد ارشاد مسیح، سکنہ راجٹر کلاں، سے 24 بوتلیں جبکہ ملزم اعجاز ولد جاوید مسیح سے 12 بوتل ولایتی شراب برآمد کی گئی۔ پولیس نے تینوں ملزمان کے خلاف الگ الگ مقدمات درج کر لیے ہیں۔
ڈی پی او گجرات فیصل شہزاد نے کہا کہ منشیات فروشوں اور غیر قانونی شراب کے کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔ نوجوان نسل کو منشیات کی لعنت سے محفوظ رکھنے اور معاشرے کو جرائم سے پاک کرنے کے لیے پولیس تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ گجرات پولیس جرائم کے خاتمے اور قانون کی عملداری یقینی بنانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔
سرائے عالمگیر پولیس کی منشیات فروشوں اور غیر قانونی شراب کے خلاف کارروائی، 3 ملزمان سے 60 بوتل ولایتی شراب برآمد
