گجرات پیٹرولیم ایسوسی ایشن کے وفد کا کلیفٹ ہسپتال کا دورہ، مستحق بچوں کے علاج کے لیے تعاون کے عزم کا اظہار

گجرات (چوہدری امجد رسول) پیٹرولیم ایسوسی ایشن کے صدر چوہدری آصف محمود دھول اور سرپرستِ اعلیٰ چوہدری سجاد مسعود کی قیادت میں وفد نے کلیفٹ ہسپتال گجرات کا دورہ کیا، جہاں ہسپتال کے مختلف شعبہ جات اور ڈاکٹر محمد ریاض پلاسٹک سرجری ٹریننگ سینٹر کا معائنہ کیا گیا اور مستحق بچوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات اور رفاہی خدمات کے بارے میں بریفنگ حاصل کی

ہسپتال پہنچنے پر وفد کا استقبال صدر کلیفٹ ہسپتال الحاج امجد فاروق، سرپرستِ اعلیٰ ڈاکٹر اعجاز بشیر اور سیکرٹری جنرل مرزا اشفاق بشیر نے کیا۔ اس موقع پر رضاکار انٹرنیشنل کلیفٹ ٹیم کے سربراہ ڈاکٹر محمد ریاض اور ٹیم کی رکن رے میکگلون بھی موجود تھیں۔ وفد میں بلال احمد، عثمان وڑائچ، عامر مشتاق، تسلیم احمد چوہدری، چوہدری ناصر، چوہدری ابرار گوندل اور محمد عرفان شامل تھے۔

دورے کے دوران وفد کو بتایا گیا کہ کلیفٹ ہسپتال مستحق بچوں کے علاج، پلاسٹک سرجری اور بحالی کے شعبوں میں خدمات فراہم کر رہا ہے، جبکہ ضرورت مند خاندانوں کو طبی سہولیات کی فراہمی اور بچوں کے بہتر مستقبل کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

اس موقع پر چوہدری آصف محمود دھول نے ہسپتال کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ مستحق بچوں کو علاج کی سہولیات فراہم کرنا قابلِ قدر انسانی خدمت ہے۔ انہوں نے گجرات پیٹرولیم ایسوسی ایشن کی جانب سے ہسپتال کے رفاہی مشن میں ہر ممکن تعاون کے عزم کا اظہار کیا۔ چوہدری سجاد مسعود نے بھی ہسپتال انتظامیہ اور طبی عملے کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت مشترکہ ذمہ داری ہے اور مخیر حضرات، کاروباری برادری اور سماجی تنظیموں کو ایسے فلاحی اداروں کی معاونت میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

ہسپتال انتظامیہ نے وفد کی آمد اور طبی و رفاہی خدمات میں دلچسپی لینے پر شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ باہمی تعاون کے ذریعے مستحق بچوں کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے اور انسانی خدمت کے مشن کو آگے بڑھانے کے لیے کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔

Exit mobile version