پاکستان توانائی تحفظ کے لیے مقامی پیداوار اور ذرائع بڑھا رہا ہے، وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک

ریاض: وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے سعودی عرب میں حوثی اکثریتی تنظیم انصار اللہ کے حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان توانائی تحفظ کے لیے مقامی پیداوار، اسٹریٹجک ذخائر اور توانائی کے ذرائع بڑھا رہا ہے۔

ریاض میں منعقدہ بین الاقوامی توانائی فورم کے وزارتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ پاکستان آزمائش کی اس گھڑی میں سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہے، جبکہ عالمی توانائی کے تحفظ، کم قیمت اور پائیدار فراہمی کے لیے سرمایہ کاری میں اضافہ نہایت ضروری ہے۔

اجلاس کے موقع پر وزیر پیٹرولیم نے لیبیا، قطر اور ترکیہ کے وزرا سے الگ الگ اہم ملاقاتیں بھی کیں۔

لیبیا کے وزیر تیل و گیس سے ملاقات کے دوران علی پرویز ملک نے بتایا کہ پاکستان نے اپنی ریفائنریز کو لیبیا سے خام تیل کی درآمد کی ترغیب دی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان توانائی تحفظ کو مضبوط بنانے اور آبنائے ہرمز اور آبنائے باب المندب سمیت اہم بحری راستوں میں ممکنہ رکاوٹوں کی صورت میں متبادل ذرائع برقرار رکھنے کے لیے خام تیل کی درآمد کے ذرائع میں تنوع چاہتا ہے۔

علی پرویز ملک نے قطر کے وزیر توانائی سے بھی تفصیلی ملاقات کی، جس میں مائع قدرتی گیس (ایل این جی) کے شعبے میں تعاون کے امکانات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

دریں اثناء ترکیہ کے وزیر توانائی نے بھی وفاقی وزیر پیٹرولیم سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ترک وزیر نے بتایا کہ سمندر میں تیل و گیس کی تلاش کے لیے ترکیہ کا جہاز اگلے ماہ پاکستان پہنچے گا۔

Exit mobile version