اسلام آباد میں گولڈ میڈلسٹ طالبہ کی مبینہ خودکشی: پولیس نے مرکزی ملزم کا بینک ریکارڈ اور موبائل فون قبضے میں لے لیا

اسلام آباد: اسلام آباد میں گولڈ میڈلسٹ طالبہ لائبہ اعجاز کی مبینہ خودکشی کے واقعے کی تحقیقات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، اور پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم نے طالبہ کی بیرون ملک تعلیم کی خواہش کا ناجائز فائدہ اٹھایا۔

پولیس ذرائع کے مطابق مقتولہ طالبہ کا رابطہ ایک جاب انٹرویو کے دوران ملزم نعمان سے ہوا تھا، جس نے طالبہ کو بیرون ملک داخلہ کرانے میں مدد کی آفر کی تھی۔ طالبہ نے بیرون ملک تعلیم کی خواہش میں ملزم کو مختلف مواقع پر بھاری رقم دی، اور پولیس کی تفتیشی ٹیموں نے ملزم کو کی جانے والی ادائیگیوں کا بینک ریکارڈ بھی حاصل کر لیا ہے، جبکہ ملزم سے برآمد ہونے والا موبائل فون فارنزک تحقیقات کے لیے لیبارٹری بھجوا دیا گیا ہے۔ رقم وصولی کے باوجود جب کوئی کام نہ ہوا تو والدین نے کاغذات چیک کرائے جو جعلی نکلے۔ پولیس کے مطابق رقم واپس کرنے کے مطالبے پر ملزم نے ساتھی خواتین کا سہارا بھی لیا، اور ملزم ساتھی لڑکی کے ذریعے یا خود لڑکی بن کر ایس ایم ایس کے ذریعے دھوکا دیتا رہا۔ ملزم نعمان اپنی فیملی سے الگ کرائے کے کمرے میں رہائش پذیر تھا۔ پولیس نے کیس کی تفتیش آگے بڑھانے کے لیے سیل ایف آئی آر کھول دی ہے۔

دوسری جانب یہ مقدمہ ایف آئی آر لائبہ اعجاز کے والد کی مد مدیت میں دفعہ 322/34 کے تحت درج کیا گیا ہے، اور پولیس نے لائبہ اعجاز کے والد کا بیان بھی ریکارڈ کر لیا ہے۔ والد نے اپنے بیان میں بتایا کہ ان کی بیٹی کی نعمان نامی ایجنٹ سے بلیو ایریا میں ملاقات ہوئی تھی، جہاں اس نے خود کو اسلام آباد میں ایک اعلیٰ افسر ظاہر کیا۔ والد کے مطابق ملزم نعمان نے اسٹڈی ویزے پر امریکا بھجوانے کا جھانسہ دیا اور اس کے لیے 93 لاکھ روپے طے کیے۔

والد نے مزید بتایا کہ انہوں نے ملزم کو 21 لاکھ روپے جی 10 میں نقد ادا کیے، جبکہ 29 لاکھ روپے ان کی بیٹی کے اکاؤنٹ سے ملزم نعمان کو ٹرانسفر کیے گئے۔ ملزم نے بینک اسٹیٹمنٹ کے لیے اکاؤنٹ میں 20 ہزار ڈالر بھجوانے کی جعلی رسیدیں بھی فراہم کیں۔ والد نے انکشاف کیا کہ ملزم کے ساتھ اس فراڈ میں عائزہ نامی لڑکی بھی شامل تھی، جو ان کی بیٹی سے رابطہ کرکے رقم کا تقاضا کرتی تھی، اور کام نہ ہونے پر ملزم نے ان کا فون سننا بھی چھوڑ دیا تھا، جس کی وجہ سے لائبہ اعجاز 5، 6 دن شدید ذہنی پریشانی میں مبتلا رہی۔

Exit mobile version