خیبر پختونخوا اپیکس کمیٹی کا اجلاس: پولیس اور سی ٹی ڈی کو جدید اسلحہ و وسائل فراہم کرنے کا فیصلہ

پشاور: خیبر پختونخوا کی صوبائی اپیکس کمیٹی نے صوبے میں امن و امان کے قیام اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پولیس اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کی استعداد کار بڑھانے اور انہیں جدید اسلحہ فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کی زیر صدارت منعقدہ صوبائی اپیکس کمیٹی کے اہم اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، کور کمانڈر پشاور اور دیگر اعلیٰ سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔

اجلاس کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق، صوبے میں دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کے لیے فیصلہ کن اقدامات کے عزم کا اعادہ کیا گیا، جبکہ دہشت گردوں کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق اپیکس کمیٹی نے طے کیا کہ صوبے میں امن و امان کی بہتری کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ اس سلسلے میں پولیس اور سی ٹی ڈی کو جدید آلات، جدید اسلحہ، بکتر بند گاڑیاں، نقل و حرکت کے لیے دیگر ضروری گاڑیاں اور مطلوبہ نفری فراہم کی جائے گی۔ اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ دہشت گردی کا خاتمہ اور امن کا قیام تمام ریاستی اداروں کی مشترکہ ترجیح ہے۔

مزید برآں، اپیکس کمیٹی نے یہ فیصلہ بھی کیا کہ خیبر پختونخوا کے عوام کی تعلیم، صحت اور معیار زندگی سے متعلق مسائل پر خصوصیت سے توجہ دی جائے گی اور صوبے کے پسماندہ و متاثرہ علاقوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔

Exit mobile version