ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی: پاکستان کے متبادل کے طور پر بنگلادیش نے شرکت کی دعوت قبول کر لی

بنگلادیش نے پاکستان کے متبادل کے طور پر ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی میں شرکت کی باضابطہ دعوت قبول کر لی ہے۔

ایشین ہاکی فیڈریشن نے بنگلادیش ہاکی فیڈریشن (بی ایچ ایف) کو ایونٹ میں شرکت کی دعوت دی تھی، جس کے بعد بنگلا دیشی ہاکی ٹیم پاکستان کی جگہ ایونٹ کا حصہ بنے گی۔ ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی 27 اکتوبر سے 5 نومبر تک بھارت میں منعقد ہو گی۔

واضح رہے کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے موجودہ صورتحال کے پیشِ نظر اپنی ٹیم بھارت بھیجنے سے معذرت کر لی تھی۔ پی ایچ ایف نے ایشین ہاکی فیڈریشن سے ایونٹ کا وینیو تبدیل کرنے یا پاکستان کے میچز کسی نیوٹرل وینیو پر منتقل کرنے کا مطالبہ کیا تھا، تاہم پی ایچ ایف کے مؤقف میں تبدیلی نہ آنے کے باعث ایشین ہاکی فیڈریشن نے متبادل کے طور پر بنگلادیش کو ٹورنامنٹ میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا۔

ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی کے ڈراز کا اعلان آج کیا جائے گا، جس میں میزبان بھارت، چین، جاپان، ملائیشیا، ساؤتھ کوریا اور بنگلا دیش کی ٹیمیں اتریں گی۔

Exit mobile version