دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان کی سری لنکا کے خلاف 82 رنز سے شاندار فتح، سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری

دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو 82 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی ہے۔

راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 215 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف کھڑا کیا۔ معاذ صداقت نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 51 گیندوں پر 96 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جس میں 6 چوکے اور 7 چھکے شامل تھے۔ کپتان صاحبزادہ فرحان نے بھی ذمہ دارانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 4 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے 44 گیندوں پر 73 رنز بنائے۔ ان کے علاوہ فخر زمان نے 22 اور حسن نواز نے 19 رنز بنائے۔ سری لنکا کی جانب سے ایشان ملنگا، تھیکشانا اور داسن شناکا نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

216 رنز کے ہدف کے جواب میں سری لنکا کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر صرف 133 رنز ہی بنا سکی۔ سری لنکا کی جانب سے مہیش تھیکشانا نے 32، چمندو وکرما سنگھے نے 29، کمیندو مینڈس نے 23 اور سنتھ جے سوریا نے 22 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا گیا جس میں عمران رندھاوا نے 3 اور سلمان مرزا نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ صائم ایوب اور ابرار احمد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ اس کامیابی کے ساتھ ہی پاکستان کو تین میچوں کی سیریز میں دو صفر کی ناقابلِ شکست اور فیصلہ کن برتری حاصل ہو گئی ہے۔

Exit mobile version