منڈی بہاؤالدین: ڈسٹرکٹ کوالٹی کنٹرول بورڈ کا اجلاس، ڈرگ ایکٹ کی خلاف ورزی پر 13 میڈیکل اسٹور مالکان کے کیسز زیرِ بحث

منڈی بہاؤالدین (ڈاکٹر شاہد راٹھور) ڈپٹی کمشنر عدیل حیدر کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوالٹی کنٹرول بورڈ کا اہم اجلاس ڈی سی آفس کے کانفرنس روم میں منعقد ہوا۔

اجلاس میں ڈرگ ایکٹ کی خلاف ورزی کے مرتکب 13 میڈیکل اسٹور مالکان کے کیسز تفصیلی طور پر زیرِ بحث لائے گئے، جن پر بغیر لائسنس، بغیر وارنٹی، زائد المیعاد اور غیر رجسٹرڈ ادویات رکھنے کے علاوہ ادویات کا باقاعدہ ریکارڈ نہ رکھنے جیسے سنجیدہ الزامات شامل تھے۔ اجلاس کے دوران تمام میڈیکل اسٹورز مالکان کو اپنی صفائی پیش کرنے کے لیے فرداً فرداً موقع دیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر عدیل حیدر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سخت ہدایات جاری کیں کہ زائد المیعاد، ممنوعہ ادویات، فزیشن سیمپل اور ادویات کی خرید و فروخت کا ریکارڈ نہ رکھنے والوں کے خلاف کارروائیاں تیز کی جائیں۔ انہوں نے مزید تاکید کی کہ کوالیفائیڈ شخص کے بغیر میڈیکل اسٹور یا کلینک چلانے والوں کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔

ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ وارننگ یا سزا ملنے کے بعد بھی بے قاعدگیوں سے باز نہ آنے والے میڈیکل اسٹوروں کے کیسز پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کو بھجوا کر ان کی مؤثر اور سخت قانونی پیروی کی جائے۔

Exit mobile version