کھاریاں: جی ٹی روڈ دیونا منڈی پر تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے پانچ مزدور شدید زخمی

کھاریاں (قاری نصیر احمد کلیار) گجرات جی ٹی روڈ دیونا منڈی پر تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے کام کرتے ہوئے پانچ مزدور شدید زخمی۔ جی ٹی روڈ دیونا منڈی کے قریب سڑک پر کام کرنے والے مزدوروں کو ایک بے قابو گاڑی نے روند ڈالا، جس کے نتیجے میں پانچ مزدور شدید زخمی ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق جی ٹی روڈ پر دیونا منڈی کے مقام پر مزدور معمول کے مطابق ڈیوائڈر رنگ کا کام سر انجام دے رہے تھے کہ اس دوران ایک تیز رفتار گاڑی نے انہیں اپنی لپیٹ میں لے لیا حادثے کے بعد گاڑی ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں ریسکیو اہلکاروں نے زخمیوں کو موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور بعد ازاں تشویشناک حالت کے پیش نظر ہسپتال منتقل کر دیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

مقامی شہریوں اور مزدوروں کے حلقوں نے اس افسوسناک واقعے پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ جی ٹی روڈ پر تیز رفتار اور لاپرواہ ڈرائیونگ کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے تاکہ سڑکوں پر کام کرنے والے غریب مزدوروں کی جانوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

Exit mobile version