گجرات: تھانہ لاری اڈا اور ٹریفک پولیس کی مشترکہ کارروائی، 7 ون ویلرز گرفتار اور مقدمات درج

گجرات (03 اکتوبر 2026ء): ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) گجرات فیصل شہزاد کی ہدایت پر جرائم پیشہ عناصر اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ اس سلسلے میں تھانہ لاری اڈا اور ٹریفک پولیس گجرات نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے 7 ون ویلرز کو گرفتار کر کے ان کے خلاف الگ الگ مقدمات درج کر لیے ہیں۔

گجرات پولیس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق چند نوجوانوں کا ایک گروپ شہری حدود میں موٹر سائیکلوں پر ون ویلنگ کر کے نہ صرف اپنی بلکہ دیگر شہریوں کی جان و مال کو بھی شدید خطرے میں ڈال رہا تھا۔ اطلاع ملتے ہی ٹریفک پولیس انسپکٹر عمران، ٹریفک وارڈن سب انسپکٹر عزت رسول اور دیگر پولیس ملازمان پر مشتمل خصوصی ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے موقع پر چھاپہ مارا اور 7 ون ویلرز کو دبوچ لیا۔

گرفتار ہونے والے ملزمان میں احمد رضا، رضوان علی، سبحان خاور، زبیر رضا، محمد سفیان، عبدالرحمن اور شہباز علی شامل ہیں۔ پولیس نے ملزمان کے زیرِ استعمال موٹر سائیکلیں بھی تحویل میں لے لی ہیں اور مزید تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔

اس موقع پر ڈی پی او گجرات فیصل شہزاد نے سخت پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ون ویلنگ جیسے خطرناک اور جان لیوا عمل کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی، اور قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو ون ویلنگ کے نقصانات سے آگاہ رکھیں اور کم عمر بچوں کو ہرگز ڈرائیونگ کی اجازت نہ دیں۔ ڈی پی او نے شہریوں سے بھی یہ اپیل کی کہ وہ ایسے عناصر کی بروقت نشاندہی کریں تاکہ شہر کو ایک محفوظ خطہ بنایا جا سکے۔

Exit mobile version