وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا عوامی سہولت کے لیے اقدام، لائسنس اور ایف آئی آر کی سہولت دہلیز پر فراہم کرنے کے لیے موبائل یونٹس کا آغاز

جہلم (محمد زاہد خورشید) وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت عوام کو سرکاری سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کرنے کے لیے موبائل یونٹس کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ ان موبائل یونٹس کے ذریعے شہریوں کو مختلف خدمات ان کے اپنے علاقوں میں ہی مہیا کی جائیں گی، جس سے انہیں غیر ضروری طور پر دفاتر کے چکر لگانے اور طویل انتظار کی زحمت سے نجات ملے گی۔

منصوبے کے تحت ان موبائل یونٹس کو جہلم شہر کے مختلف دیہی اور دور دراز علاقوں میں روزانہ کی بنیاد پر بھیجا جائے گا، جہاں شہری موقع پر ہی اپنی شکایات درج کروا سکیں گے۔ اس اقدام کا بنیادی مقصد شہریوں کو جدید، آسان اور فوری سرکاری خدمات فراہم کرنا ہے۔

عوامی حلقوں نے اس قدم کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ایف آئی آر کے اندراج اور ڈرائیونگ لائسنس سمیت دیگر ضروری سہولیات دہلیز پر دستیاب ہونے سے نہ صرف قیمتی وقت اور اخراجات کی بچت ہوگی بلکہ سرکاری اداروں تک رسائی بھی انتہائی آسان ہو جائے گی۔ شہریوں نے امید ظاہر کی کہ ان موبائل یونٹس کا دائرہ کار مزید علاقوں تک بھی بڑھایا جائے گا۔

حکام کے مطابق موبائل یونٹس کی کارکردگی کی باقاعدہ مانیٹرنگ کی جائے گی تاکہ یہ سہولت زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچ سکے اور عوام کو مسائل کے حل کے لیے ایک شفاف اور مؤثر نظام مل سکے۔ حکومت کا عزم ہے کہ شہریوں کو بروقت انصاف اور فوری سرکاری خدمات کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔

Exit mobile version