تحریر:محمدمظہررشید چودھری (03336963372)
ڈسٹرکٹ پبلک سکول اینڈ کالج اوکاڑہ میں سالانہ انٹر ہاؤس حسنِ قرآت اور نعت رسول ﷺکے مقابلوں کا انعقاد کیا گیا، جس میں رابعہ بصری ہاؤس اور عائشہ صدیقہ ہاؤس کی طالبات نے بھرپور شرکت کرتے ہوئے اپنی صلاحیتوں کا شاندار مظاہرہ کیا۔ مقابلوں کا مقصد طالبات میں دینی شعور، حسنِ قرآت، نعت خوانی اور مثبت ہم نصابی سرگرمیوں کے رجحان کو فروغ دینا تھا۔ تقریب میں طالبات نے نہایت عقیدت، اعتماد اور خوبصورت انداز میں تلاوتِ کلام پاک اور نعتِ رسولِ مقبول ﷺ پیش کیں، جس پر حاضرین نے ان کی حوصلہ افزائی کی۔تقریب کے مہمانِ خصوصی ممبر صوبائی اسمبلی میاں محمد منیر تھے، جبکہ ضلعی صدر مسلم لیگ (ن) شعبہ خواتین مس صائمہ رشید ایڈووکیٹ نے بطور مہمانِ اعزاز شرکت کی۔ پرنسپل ڈسٹرکٹ پبلک سکول اینڈ کالج اوکاڑہ پروفیسر ظفر علی ٹیپو، سیکشن ہیڈ بوائز کالج رانا محمد نعیم اشرف، سیکشن ہیڈ گرلز کالج شازیہ عامر خان اور سیکشن ہیڈ مڈل سکول مس روبینہ نے معزز مہمانوں کا استقبال کیا۔ تقریب کے دوران سکول کے اساتذہ اور طالبات کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔حسنِ قرآت کے مقابلے میں رابعہ بصری ہاؤس کی میرب یاسر نے اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ عائشہ صدیقہ ہاؤس کی لائبہ احمد نے دوسری اور عمارہ فاطمہ نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ اسی طرح نعت کے مقابلے میں عائشہ صدیقہ ہاؤس کی ابیہا ذیشان نے پہلی پوزیشن حاصل کی، اسوہ سرفراز نے دوسری پوزیشن اپنے نام کی، جبکہ رابعہ بصری ہاؤس کی ثمر فاطمہ تیسرے نمبر پر رہیں۔حسنِ قرآت کے مقابلے میں رابعہ بصری ہاؤس کی عریشہ ساجد، آمنہ طارق، میرب یاسر اور آمنہ ایاز جبکہ عائشہ صدیقہ ہاؤس کی بشریٰ فاطمہ، عمارہ فاطمہ، نور فاطمہ اور لائبہ احمد نے حصہ لیا۔ طالبات نے تلاوتِ کلام پاک پیش کرتے ہوئے قرآت کے فن میں اپنی مہارت اور صلاحیتوں کا اظہار کیا۔ مقابلے کے دوران طالبات نے خوش الحانی، تلفظ اور ادائیگی کا خاص خیال رکھا، جسے حاضرین کی جانب سے سراہا گیا۔

نعت رسول ﷺکے مقابلے میں بھی دونوں ہاؤسز کی طالبات نے بھرپور حصہ لیا۔ رابعہ بصری ہاؤس کی ماہ نور، لبینہ، عائزہ اور ثمر فاطمہ جبکہ عائشہ صدیقہ ہاؤس کی وریشہ اشمل، رانا ماروش، اسوہ سرفراز اور ابیہا ذیشان نے نعت خوانی میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ طالبات نے بارگاہِ رسالت ﷺ میں عقیدت کے پھول پیش کرتے ہوئے خوبصورت انداز میں نعتیں پیش کیں۔ مقابلے کے اختتام پر نمایاں پوزیشنیں حاصل کرنے والی طالبات کو مہمانانِ گرامی نے انعامات سے نوازا اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ممبر صوبائی اسمبلی میاں محمد منیر نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں طلبہ کی علمی و تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ ہم نصابی سرگرمیوں کا انعقاد بھی انتہائی اہم ہے۔ ایسی سرگرمیاں طالبات کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے، ان میں خود اعتمادی پیدا کرنے اور ان کی شخصیت کو متوازن انداز میں پروان چڑھانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حسنِ قرآت اور نعت کے مقابلے نہ صرف طالبات کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کرتے ہیں بلکہ ان کے اندر دینی وابستگی اور اسلامی اقدار سے محبت کو بھی فروغ دیتے ہیں۔میاں محمد منیر نے ڈسٹرکٹ پبلک سکول اینڈ کالج اوکاڑہ میں ایسی مثبت اور تعمیری سرگرمیوں کے انعقاد کو سراہتے ہوئے پرنسپل پروفیسر ظفر علی ٹیپو اور تمام سیکشن ہیڈز کی کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ معیاری تعلیمی ماحول کے ساتھ ایسی سرگرمیوں کا تسلسل ادارے کے طالبات کی شخصیت سازی میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے مقابلے میں حصہ لینے والی تمام طالبات کو بھی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ مقابلوں میں شرکت خود ایک کامیابی ہے، کیونکہ اس سے طالبات میں اعتماد اور آگے بڑھنے کا جذبہ پیدا ہوتا ہے۔پروگرام کے کامیاب انعقاد میں سیکشن ہیڈ مڈل سکول مس روبینہ کی کاوشوں کو بھی خصوصی طور پر سراہا گیا۔ تقریب کے اختتام پر مہمانانِ گرامی، سکول انتظامیہ اور اساتذہ نے پوزیشن حاصل کرنے والی طالبات کے ساتھ ساتھ تمام شریک طالبات کی کارکردگی کو سراہا۔ مقابلوں نے ڈسٹرکٹ پبلک سکول اینڈ کالج اوکاڑہ میں تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ مثبت ہم نصابی اور دینی سرگرمیوں کے فروغ کی ایک خوبصورت مثال پیش کی