سنگاپور: سنگاپور کی حکومت نے ملک میں بچوں کی پیدائش کی شرح میں ہونے والی ریکارڈ کمی کے پیش نظر ایک انوکھا قدم اٹھاتے ہوئے سرکاری ملازمین کی شادیاں کرانے اور جیون ساتھی کی تلاش کے لیے باضابطہ سروس کا آغاز کر دیا ہے۔ برطانوی میڈیا کے مطابق اس اقدام کا بنیادی مقصد پیدائش کی شرح میں کمی اور تیزی سے بڑھتی ہوئی عمر رسیدہ آبادی کے چیلنج سے نمٹنا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اس سرکاری میچ میکنگ سروس کے تحت ایک موبائل ایپلیکیشن بنائی گئی ہے، جہاں سرکاری ملازمین اپنا شناختی کارڈ نمبر استعمال کر کے ایک سروے میں حصہ لیتے ہیں۔ یہ سروے ان کی دلچسپیوں، عادات اور اخلاقی اقدار کے بارے میں ہوتا ہے، جبکہ اس سروس کے لیے عمر کی حد 21 سے 35 سال مقرر کی گئی ہے۔ دوسری جانب، بعض سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے اس سرکاری اقدام پر تنقید بھی کی جا رہی ہے، جن کا کہنا ہے کہ یہ قدم نجی شعبے سے وابستہ افراد کے ساتھ امتیازی سلوک کے زمرے میں آتا ہے۔
