اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ لانگ مارچ ہمارا سیاسی اور اٹل فیصلہ ہے، جو کہ ایک پرامن عمل اور ہمارا جمہوری حق ہے۔ پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ اسپیکر قومی اسمبلی سے کل ٹیلیفونک رابطہ ہوا تھا، تاہم آج ان سے ملاقات کا کوئی امکان نہیں۔
خیبر پختونخوا میں گورنر راج یا ایمرجنسی سے متعلق ایک سوال کے جواب میں بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ صوبے میں ایمرجنسی نہیں لگنی چاہیے اور نہ ہی اس وقت ایسی کوئی صورتحال موجود ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ لانگ مارچ بالکل پرامن ہوگا اور ہم کسی پر کوئی چڑھائی نہیں کر رہے۔ سہیل آفریدی کی تبدیلی سے متعلق افواہوں کو رد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سہیل آفریدی ہی وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا رہیں گے، لہٰذا اراکینِ اسمبلی اپنی سی ویز اپنی جیبوں میں ہی رکھیں۔
شوکت یوسفزئی کی جانب سے بھیجے گئے خط کے حوالے سے چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ انہوں نے واٹس ایپ پر خط بھیجا تھا، جو کہ ان کے اور میرے درمیان کا معاملہ ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پارٹی کو شوکت یوسفزئی سے کوئی ناراضگی نہیں ہے اور وہ بدستور صوبائی سیکرٹری اطلاعات کے فرائض سر انجام دے رہے ہیں، اور چونکہ یہ ایک جمہوری پارٹی ہے اس لیے اس طرح کے خطوط آتے رہتے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی تجویز دی کہ اپوزیشن لیڈر اور وزیراعظم کی ملاقات ضرور ہونی چاہیے، جبکہ اس ملاقات میں ان کی اپنی موجودگی کا دارومدار محمود اچکزئی پر ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ رانا ثناء اللہ نے بھی ان سے بات کی ہے۔
