اکتوبر 1, 2026

امریکی ریاست کیلیفورنیا کا تاریخی اقدام، عیدالفطر اور عیدالاضحیٰ سرکاری تعطیلات قرار

واشنگٹن: امریکی ریاست کیلیفورنیا نے مسلمان کمیونٹی کے لیے ایک تاریخی اقدام اٹھاتے ہوئے اسلامی تہواروں عید الفطر اور عید الاضحیٰ پر تعطیلات کو سرکاری تعطیلات قرار دے دیا ہے۔ امریکی میڈیا کے مطابق گورنر کیلیفورنیا گیون نیوسم نے اسمبلی بل پر دستخط کر دیے ہیں، جس کے بعد یہ قانون کی شکل اختیار کر گیا ہے۔

امریکی مسلمانوں کی فلاحی تنظیم کونسل آن امریکن اسلامک ریلیشنز (CAIR-CA) کیلیفورنیا نے اس قانون کی منظوری کا خیرمقدم کیا ہے۔ اس نئے قانون کے تحت عید الفطر اور عید الاضحیٰ کو ریاستی قانون میں باقاعدہ طور پر تسلیم کر لیا گیا ہے، جس سے ریاست میں مقیم لاکھوں مسلمانوں کو درپیش ایک دیرینہ مسئلے کا حل نکل آیا ہے۔ اس سے قبل عیدین کے موقع پر مسلمانوں کو نمازِ عید کی ادائیگی اور اسکول یا ملازمت پر حاضری کے درمیان کسی ایک کا انتخاب کرنا پڑتا تھا۔

قانون کے تحت کیلیفورنیا کے مسلمان ملازمین اب پہلے سے حاصل شدہ چھٹی کے حقوق کو استعمال کرتے ہوئے بلا جھجھک عید کی تعطیلات منا سکیں گے۔ عید کی تعطیلات کو سرکاری طور پر تسلیم کرنے سے متعلق یہ بل مارچ کے آغاز میں اسمبلی ممبر میٹ ہینی نے منظوری کے لیے پیش کیا تھا۔ اس موقع پر میٹ ہینی کا کہنا تھا کہ کیلیفورنیا ملک کی سب سے بڑی اور متحرک ترین مسلم کمیونٹی کا گھر ہے اور ان کی تمام روایات بھرپور احترام کی حقدار ہیں۔