اکتوبر 1, 2026

لالہ موسیٰ کے عوام کے لیے خوشخبری، ٹراما سنٹر میں 10 بیڈ کے ڈائیلاسز ہسپتال کے قیام کی منظوری

لالہ موسیٰ: ٹراما سنٹر لالہ موسیٰ میں 10 بیڈ پر مشتمل ڈائیلاسز ہسپتال کے قیام کی منظوری دے دی گئی ہے، جس سے گردوں کے مریضوں کو بہترین طبی سہولیات میسر آئیں گی۔

اس منصوبے کا این او سی (NOC) بھی جاری کر دیا گیا ہے جبکہ ڈائیلاسز ہسپتال کے قیام کے حوالے سے ایم او یو (MOU) پر بھی دستخط ہو چکے ہیں، اور توقع ہے کہ بہت جلد تعمیراتی کام کا آغاز کر دیا جائے گا۔ اس منصوبے کے تحت ٹراما سنٹر لالہ موسیٰ میں جدید سہولیات سے آراستہ 10 بیڈ پر مشتمل ڈائیلاسز یونٹ قائم کیا جائے گا، جس کے ذریعے گردوں کے مریضوں کو مفت ڈائیلاسز کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

اس اہم اور فلاحی منصوبے کی تکمیل میں ڈپٹی کمشنر گجرات نورالعین قریشی، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر سید اعتزاز، شہزاد راجہ، عرفان ادریس بٹ، میاں حبیب، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی لالہ موسیٰ تنویر عباس گجر، ایم ایس ٹراما سنٹر لالہ موسیٰ ڈاکٹر عابد مجید، میاں عظیم، حاجی مبشر بٹ، شہباز گولڑوی اور رضوان احمد سمیت تمام متعلقہ شخصیات کی کاوشیں اور خدمات قابلِ ذکر ہیں۔ یہ منصوبہ لالہ موسیٰ اور اس کے گردونواح کے ان تمام مریضوں کے لیے ایک بہت بڑی راحت ثابت ہوگا جنہیں اس سے قبل ڈائیلاسز کے لیے دور دراز کے علاقوں کا سفر کرنا پڑتا تھا۔