اکتوبر 2, 2026

سینیئر وکیل احسن بھون کا کیپٹن (ر) صفدر کو 5 ارب روپے ہرجانے کا نوٹس، 7 روز میں غیر مشروط معافی کا مطالبہ

اسلام آباد: سینیئر وکیل احسن بھون نے ہتک آمیز الزامات پر کیپٹن (ر) صفدر کو 5 ارب روپے کا ہرجانے کا نوٹس بھجوا دیا ہے۔

نوٹس کے متن کے مطابق یہ نوٹس جھوٹے اور شدید ہتک آمیز الزامات کے نتیجے میں بھیجا جا رہا ہے، کیونکہ کیپٹن (ر) صفدر نے احسن بھون کی تعلیمی قابلیت اور وکالت کے پیشے کے بارے میں ایسے دعوے کیے ہیں جو ان کی ذات پر براہ راست حملہ ہیں۔ نوٹس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ کیپٹن (ر) صفدر 7 دن کے اندر اپنے بیان پر غیر مشروط معافی مانگیں۔

دوسری جانب، سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیپٹن (ر) صفدر کا کہنا تھا کہ ملک میں جعلی ڈگریوں کی بحث ایک بار پھر شروع ہو چکی ہے اور ماضی میں سیاست دانوں کی جعلی ڈگریوں کا معاملہ بھی سامنے آیا تھا۔ انہوں نے چیلنج کیا کہ اگر وکلا اپنی ڈگری دکھا دیں تو وہ معافی مانگ لیں گے۔ کیپٹن (ر) صفدر نے مزید کہا کہ اعظم نذیر تارڑ کے بیانات سے ان کا اپنا کیس کمزور ہوا ہے، وہ سیاست میں ان سے جونیئر ہیں اور انہیں جعلی ڈگریوں کے خلاف بھرپور قانونی جنگ لڑنی چاہیے۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ مسلم لیگ (ن) ان کی اپنی جماعت ہے اور وہ سیاست سے ہٹ کر یہ مؤقف اختیار کر رہے ہیں۔