انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کا کل آخری روز، یکم اکتوبر سے لیٹ فائلر کیٹیگری ختم اور جرمانوں میں بڑا اضافہ

اسلام آباد: انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کا کل آخری روز ہے، جس کے بعد مقررہ مدت میں ریٹرنز جمع نہ کرانے والوں پر بھاری جرمانے عائد کیے جائیں گے۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ یکم اکتوبر سے ملک میں ‘لیٹ فائلر’ کی کیٹیگری کو مکمل طور پر ختم کیا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق تاخیر سے گوشوارے جمع کروانے پر انفرادی افراد کے لیے جرمانہ 1 ہزار روپے سے بڑھا کر 25 ہزار روپے تک کر دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ‘لیٹ فائلر’ ایسوسی ایشن آف پرسنز (اے او پی) کا جرمانہ 10 ہزار کے بجائے 50 ہزار روپے وصول ہوگا، جبکہ کمپنیوں کے لیے جرمانہ 20 ہزار سے بڑھا کر ایک لاکھ روپے کر دیا گیا ہے۔

ترجمان ایف بی آر کے مطابق انکم ٹیکس ریٹرنز جمع کرانے کی آخری تاریخ 30 ستمبر ہے، اور ٹیکس ریٹرنز کے ساتھ متعلقہ دستاویزی ثبوت بھی لازمی فراہم کیے جائیں۔ ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ اثاثوں سے متعلق معلومات چھپانے اور غلط تفصیلات دینے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہو سکتی ہے، جبکہ واجب الادا ٹیکس رقم کی وصولی کے لیے بینک اکاؤنٹس سمیت دیگر قانونی ذرائع بھی استعمال کیے جا سکتے ہیں۔

Exit mobile version