جاپان میں جاری ایشین گیمز ہاکی کے کوارٹر فائنل میں پاکستان نے عمان کو دو کے مقابلے میں سات گول سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔ پاکستانی ٹیم نے میچ کے آغاز سے ہی جارحانہ کھیل پیش کیا اور ہاف ٹائم تک پاکستان کو دو ایک کی برتری حاصل تھی، جبکہ میچ کے اختتام تک پاکستان کی جانب سے رانا وحید نے شاندار ہیٹ ٹرک اسکور کی اور سفیان خان نے دو، غضنفر علی اور محمد عماد نے ایک ایک گول اسکور کیا۔ پاکستان نے پول بی میں 5 میں سے 4 میچز جیت کر 12 پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن حاصل کی، جبکہ ملائیشیا 15 پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پوزیشن پر رہا۔
اس کامیابی کے بعد ایشین گیمز ہاکی ایونٹ کی سیمی فائنل لائن اپ مکمل ہو چکی ہے، جس کے تحت پہلا سیمی فائنل پاکستان اور بھارت کے درمیان یکم اکتوبر کو کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا سیمی فائنل اسی تاریخ کو ملائیشیا اور کوریا کے درمیان ہوگا۔ یاد رہے کہ پول اے کے آخری میچ میں کوریا نے جاپان کو دو کے مقابلے میں تین گول سے ہرا دیا ہے، جبکہ بھارت بہتر گول اوسط کی وجہ سے گروپ میں ٹاپ پوزیشن پر برقرار ہے۔
