اکتوبر 1, 2026

بھارتی ریاست تامل ناڈو کے سرکاری اسپتالوں میں نومولود بچوں کے لیے مفت سونے کی انگوٹھیاں تقسیم کرنے کی اسکیم کا آغاز

بھارتی ریاست تامل ناڈو میں سرکاری اسپتالوں میں پیدا ہونے والے بچوں کے لیے مفت سونے کی انگوٹھیوں کی تقسیم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ رواں سال جون میں اداکار سے تامل ناڈو کے وزیراعلیٰ بننے والے سی جوزف وجے نے ‘تھائی ممن گولڈ رنگ اسکیم’ کا اعلان کیا تھا، جس کے تحت ریاست کے سرکاری اسپتالوں میں جنم لینے والے تمام نومولود بچے ایک گرام وزنی سونے کی انگوٹھی حاصل کرنے کے اہل قرار دیے گئے ہیں۔ حکومت کا اس فلاحی اسکیم کو شروع کرنے کا بنیادی مقصد سرکاری اسپتالوں میں زچگی کی شرح میں اضافہ کرنا اور طبی اداروں پر عوامی اعتماد کو مزید مضبوط بنانا ہے۔

دوسری جانب، اس اسکیم کو تامل ناڈو میں اپوزیشن جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی جانب سے سخت تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ بی جے پی کی رہنما تمیلیسائی سوندار راجن نے سوشل میڈیا پر اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ نومولود بچوں کو سونے کی انگوٹھی دینے کا اقدام بظاہر خوش آئند ہو سکتا ہے، تاہم غریب خاندانوں کو روزمرہ کی بنیاد پر بنیادی غذائی ضروریات اور سہولیات تک قابلِ اعتماد رسائی کی زیادہ فوری ضرورت ہے۔