حافظ نعیم الرحمان کا حکومت سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا مطالبہ، سیاسی قیدیوں کی فوری رہائی پر زور

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حکومت سے ایک بار پھر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا مطالبہ کیا ہے اور واضح کیا ہے کہ وزیراعظم کی یقین دہانی پر لانگ مارچ میں صرف وقفہ دیا گیا ہے، احتجاج ختم نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت کو ریلیف دینا ہے تو دے ورنہ لانگ مارچ جاری رکھا جائے گا اور وزیراعظم کے ساتھ دو ٹوک بات ہوگی۔ حکومت ہمارے پرامن احتجاج کو کمزوری نہ سمجھے، کیونکہ بات چیت کے باوجود جماعت اسلامی اپنے مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹی اور آئندہ کے لائحہ عمل کا فیصلہ وزیراعظم کے رابطے اور پیشرفت کے بعد کیا جائے گا۔

ایک اور سوال کے جواب میں حافظ نعیم الرحمان نے تمام سیاسی قیدیوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ خواتین سیاسی قیدیوں کی گرفتاری کسی صورت قابل قبول نہیں ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ 9 مئی کے بعد سے قید تمام سیاسی رہنماؤں بشمول یاسمین راشد، اعجاز چوہدری، شاہ محمود قریشی اور محمود الرشید کو مزید قید رکھنے کا کوئی جواز نہیں ہے، جن میں کئی افراد کی صحت بھی خراب ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قوم کو ایسی سیاست میں الجھا کر عوام کے اصل مسائل سے توجہ ہٹائی جا رہی ہے، اور جماعت اسلامی صرف مخصوص سیاسی جماعتوں کے مطالبات تک محدود نہیں بلکہ تمام سیاسی قیدیوں کی رہائی چاہتی ہے۔

Exit mobile version