آئندہ سال شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس کے سلسلے میں رکن ممالک کے نیشنل کوآرڈینیٹرز کا سہہ روزہ اجلاس اسلام آباد میں شروع ہو گیا ہے، جس کے پہلے روز تعاون اور باہمی رابطہ کاری سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاکستان کی طرف سے میزبان ملک کے نیشنل کوآرڈینیٹر ڈاکٹر فیصل نے اس اجلاس کی صدارت کی، جبکہ اجلاس میں رکن ممالک کے کوآرڈینیٹرز کے علاوہ بھارت کے دو رکنی سرکاری وفد نے بھی شرکت کی، جو دو سال کے طویل وقفے کے بعد پاکستان میں ہونے والے کسی اجلاس میں شریک ہوا ہے۔
ذرائع کے مطابق بھارتی وفد کی قیادت نیشنل کوآرڈینیٹر الوک امیتابھ دیمری کر رہے ہیں جبکہ اس دو رکنی وفد میں پیوش ورما بھی شامل ہیں۔ واضح رہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کا آئندہ سال کا سربراہ اجلاس پاکستان میں منعقد ہوگا، جس کی تیاریوں اور انتظامات کے حوالے سے یہ اہم اجلاس جاری ہے۔
