اکتوبر 1, 2026

اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی کا وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے بیان پر سخت ردعمل، پارلیمانی استحقاق کو قانونی اور دیرینہ روایت قرار دے دیا

اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے بیان پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ارکان اسمبلی کو حاصل پارلیمانی استحقاق کوئی نئی ایجاد نہیں ہے بلکہ یہ طویل عرصے سے پارلیمانی روایات اور قومی و صوبائی قوانین کا حصہ چلا آرہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ فوجداری الزام میں رکن صوبائی اسمبلی کی گرفتاری سے قبل اسپیکر کی پیشگی اجازت کا مقصد مقننہ کی آزادی کو برقرار رکھنا اور پولیس کے ذریعے منتخب نمائندوں کو دباؤ میں لانے سے روکنا ہے۔

بابر سلیم سواتی کا کہنا تھا کہ پارلیمانی استحقاق کسی بھی رکن کو قانون سے بالاتر نہیں بناتا کیونکہ ہر رکن تفتیش، مقدمے اور عدالتی کارروائی کا بھرپور سامنا کرے گا، اور اسپیکر کا کردار صرف یہ یقینی بنانا ہے کہ گرفتاری سیاسی انتقام یا اسمبلی کارروائی میں رکاوٹ کا باعث نہ بنے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا نقاب پوش افراد کا بغیر وارنٹ کے منتخب ارکان اور سیاسی قیادت کے گھروں پر چھاپے مار کر انہیں اٹھانا جمہوریت ہے، جبکہ وزیر داخلہ انسانی حقوق کے اصولوں کو پامال کرکے اپنی حکومت کو طول دینا چاہتے ہیں۔