کھاریاں (قاری نصیر احمد کلیار) ممتاز اوورسیز سماجی و کاروباری شخصیت اور صدر اپنا اوورسیز ویلفیئر چاڑانوالہ چوہدری عمیس عباس گجر اسماعیلیہ (حال مقیم اسپین) نے ہیلاں پریس کلب کا خصوصی دورہ کیا، اس موقع پر عبدالشہزاد بٹ، مدثر اقبال رچیال اور چوہدری توثیق یاسر بھی ان کے ہمراہ تھے۔ پریس کلب آمد پر ہیلاں پریس کلب کی ٹیم نے معزز مہمانوں کا والہانہ استقبال کیا، انہیں ہار پہنائے اور گلدستے پیش کیے۔ چوہدری عمیس عباس گجر نے پریس کلب کے تمام عہدیداران کو نئے دفتر کے قیام پر مبارکباد دی اور علاقے میں مثبت صحافتی خدمات انجام دینے پر پوری ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چوہدری عمیس عباس گجر نے کہا کہ مقامی صحافی علاقے کے مسائل کو اجاگر کرنے اور عوام کی آواز متعلقہ حکام تک پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں، اور ہیلاں پریس کلب نے ہمیشہ لوگوں کو عزت دی ہے اسی لیے لوگ بھی انہیں عزت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ پریس کلب کی انتظامیہ نے معزز مہمانوں کی آمد پر ان کا تہه دل سے شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ عوامی فلاح و بہبود اور حق سچ کی آواز بلند کرنے کا یہ سفر یونہی جاری رہے گا۔
