سعودی عرب (ادریس احمد سے) سعودی عرب کے 96ویں قومی دن کے موقع پر جدہ کے معروف ہوٹل کاسا ویسو میں ہوٹل انتظامیہ اور جنرل منیجر محمد انیس اکرم کی جانب سے ایک شاندار اور پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں سعودی کمیونٹی کی ممتاز شخصیات کے علاوہ پاکستانی کمیونٹی کی سرکردہ شخصیات نے بھی بھرپور شرکت کی۔تقریب میں دبئی کی معروف گلوکارہ رشا السید نے خصوصی شرکت کی، جبکہ معروف پروگرام آرگنائزر خدیجہ ملک کی جانب سے تقریب کے انتظامات کو احسن انداز میں ترتیب دیا گیا۔ تقریب کے دوران مہمانوں نے سعودی عرب کے قومی دن کی خوشیوں میں شرکت کرتے ہوئے مملکت کی ترقی، خوشحالی اور قومی یکجہتی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا، اس موقع پر سعودی قانون دان عبداللہ فلاتہ کی جانب سے تقریب کے بہترین انعقاد اور مہمانوں کی میزبانی کے اعتراف میں کاسا ویسو ہوٹل کے جنرل منیجر محمد انیس اکرم کو اعزازی شیلڈ بھی پیش کی گئی ،تقریب میں پاکستان کی نمائندگی ثناء نور نے کی جبکہ خصوصی شرکاء میں ڈاکٹر عاتکہ ملا، ڈاکٹر فاطمہ قاروب، چوہدری محمد امجد گجر، حاجی عثمان عبدالحمید، کامران بٹ اور پاکستانی قونصلیٹ کے نمائندے سمیت دیگر اہم شخصیات شامل تھیں۔ تقریب کے دوران سعودی اور پاکستانی کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے افراد نے ایک دوسرے کو قومی دن کی مبارکباد پیش کی اور پاک سعودی دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
محمد انیس اکرم کی جانب سے یوم الوطنی سعودی عریبیہ کے موقع پر کاسا ویسو جدہ میں پروقار تقریب کا انعقاد
