منڈی بہاءالدین (ڈاکٹر شاہد راٹھور سے) ڈپٹی کمشنر عدیل حیدر کی ہدایت، ڈائریکٹر زراعت توسیع گجرات ڈویژن ڈاکٹر عرفان اللہ وڑائچ اور ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (توسیع) محمد افضل کی زیر نگرانی محکمہ زراعت (توسیع) نے جعلی کھاد کے خلاف ایک موثر کارروائی کرتے ہوئے 13 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 315 بوریاں جعلی امونیم سلفیٹ کھاد اپنے قبضے میں لے لیں۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت (توسیع) پھالیہ ڈاکٹر ایاز احمد نے ایک مصدقہ مخبر کی اطلاع پر موضع نواں لوک، نزد بھوا حسن، تحصیل پھالیہ میں کھاد ڈیلر ملک مظہر اقبال کے گودام پر چھاپہ مار کارروائی کی، جہاں سے امونیم سلفیٹ کھاد کے نمونے حاصل کر کے تفصیلی تجزیے کے لیے لیبارٹری بھجوائے گئے، اور لیبارٹری رپورٹ منفی آنے پر کھاد کو باقاعدہ طور پر جعلی قرار دے دیا گیا۔
محکمہ زراعت کی جانب سے برآمد شدہ جعلی کھاد کی تمام 315 بوریاں بطور مالِ مقدمہ تھانہ قادر آباد میں جمع کروا دی گئی ہیں، جبکہ ملوث ڈیلر اور اس کے نیٹ ورک میں شامل مزید دو ملزمان کے خلاف تھانہ قادر آباد میں باقاعدہ مقدمہ درج کروا کے قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ اس شاندار اور بروقت کارروائی پر مقامی کاشتکاروں نے ضلعی انتظامیہ اور محکمہ زراعت (توسیع) کی ٹیم کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
