ٹانڈہ، کنجاہ پارکس سے ناموں تک کہانی

تحریر::چوہدری امجد رسول

گجرات کے دو اہم اور تاریخی شہر، ٹانڈہ اور کنجاہ، ایک عرصے سے بہتر عوامی تفریحی سہولیات کے منتظر رہے ہیں۔ ایسے میں دونوں شہروں میں نئے عوامی پارکس کی تعمیر یقیناً شہریوں کے لیے ایک خوش آئند پیش رفت ہے۔ ضلعی انتظامیہ کے تحت ان دونوں منصوبوں پر مجموعی طور پر تقریباً 81 ملین روپے، یعنی 8 کروڑ 10 لاکھ روپے سے زائد خرچ کیے جا رہے ہیں
ٹانڈہ میں تقریباً 15 کنال رقبے پر مریم نواز لیڈیز اینڈ چلڈرن پارک کی تعمیر کا منصوبہ شروع کیا گیا، جس کی لاگت تقریباً 50 ملین روپے، یعنی 5 کروڑ روپے سے بھی زیادہ بتائی جاتی ہے۔ منصوبے کے لیے رواں مالی سال کے بجٹ میں فنڈز بھی مختص کیے گئے پارک کو وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے نام سے منسوب کرنے کی تجویز سامنے آنے کے بعد یہ منصوبہ ترقیاتی سرگرمی کے ساتھ ساتھ سیاسی حوالوں سے بھی زیرِ بحث رہا۔
دلچسپ پہلو یہ ہے کہ ٹانڈہ کے پارک کے نام کے معاملے پر مسلم لیگ (ق) سے وابستہ مقامی اور حلقے کے منتخب نمائندوں کی جانب سے اس مرحلے پر کوئی نمایاں عوامی ردِعمل سامنے نہیں آیا۔البتہ حلقے کے مسلم لیگ (ق) کے ایم پی اے چوہدری خالد اصغر گھرال (PP-29)، ایم این اے چوہدری حسین الٰہی اور سابق سینئر وزیر چوہدری اکبر ابراہیم سمیت دیگر رہنما مختلف مواقع پر حلقے کے ترقیاتی فنڈز کے اجرا میں مبینہ تاخیر پر اپنے تحفظات کا اظہار کرتے رہے ہیں۔خصوصاً جالپور تا کڑیانوالہ، ٹانڈہ تا سرخپور اور سرخپور تا خلیل پور سڑکوں کی خستہ حالی آج بھی شہریوں کے لیے ایک اہم مسئلہ ہے۔ یوں دیکھا جائے تو حلقے میں ترقیاتی ترجیحات کے حوالے سے سوالات اپنی جگہ موجود رہے، مگر پارک کے نام کے معاملے پر ایک طویل خاموشی دکھائی دی جیسے بعد حلقوں میں دوراندیشی سمجھا جا رہا ہے پھر رواں ماہ ایم پی اے چوہدری خالد جاوید اصغر گھرال نے ڈپٹی کمشنر گجرات کے ہمراہ ٹانڈہ مریم نواز لیڈیز اینڈ چلڈرن پارک کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔
پارک معاملے میں سابق رہنما مسلم لیگ (ق) اور ماضی میں پارٹی کو درخواست گزار امیدوار برائے ایم پی اے چوہدری وحید الدین، جو ماضی میں اسی حلقے میں مسلم لیگ (ق) کے فعال رہنما رہے اور بعد ازاں عملی سیاست کو خیرباد کہہ کر سماجی میدان میں سرگرم ہوئے، ان کی پارک اور بالخصوص لائبریری کے قیام کے لیے کاوشیں بھی قابلِ ذکر رہی ہیں۔ کسی بھی عوامی منصوبے کے پیچھے موجود ایسی سماجی کوششیں اس منصوبے کی تکمیل میں ایک الگ اہمیت رکھتی ہیں۔
اب رخ کرتے ہیں کنجاہ کا، جہاں تقریباً 10 کنال رقبے پر ایک عوامی پارک تعمیر کیا جا رہا ہے۔ اس منصوبے کے لیے تقریباً 31 ملین روپے، یعنی 3 کروڑ 10 لاکھ روپے کے فنڈز منظور کیے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق ابتدائی طور پر کنجاہ کے اس پارک کا نام بھی وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے نام مریم نواز لیڈیز اینڈ چلڈرن پارک کنجاہ سے منسوب کرنے کی تجویز زیرِ غور تھی، تاہم مسلم لیگ (ق) کی جانب سے اس پر اختلاف سامنے آیا۔ مقامی و پارٹی کی سینئر قیادت کی طرف سے یہ مؤقف سامنے آیا کہ پارک کا نام سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین کے نام سے منسوب کیا جائے۔فی الحال کنجاہ پارک پر تعمیراتی کام تکمیل کے آخری مراحل میں ہے، جبکہ نام کے حوالے سے مسلم لیگ (ق) کی تجویز بھی واضح طور پر سامنے آ چکی ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ کنجاہ لیڈیز اینڈ چلڈرن پارک کے نام کا حتمی فیصلہ کیا شکل اختیار کرتا ہے۔ دوسری جانب ذرائع کے مطابق اسی ماہ ڈی سی گجرات کے تبادلے کا بھی امکان ہے۔
قارئین کرام!
ٹانڈہ اور کنجاہ کے پارکس کے نام چاہے کسی بھی قومی , صوبائی یا مقامی شخصیت سے منسوب کیے جائیں، وقت گزرنے کے ساتھ ان منصوبوں کی اصل پہچان ان کے نام سے زیادہ ان کے معیار، افادیت، محفوظ ماحول، صفائی، دیکھ بھال اور شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات سے بنے گی

Exit mobile version