ایشین گیمز میں پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی قیادت کرنے والے اوپننگ بیٹر صاحبزادہ فرحان کو سری لنکا کے خلاف آنے والی ہوم سیریز میں بھی قومی ٹیم کا کپتان برقرار رکھنے کی تجویز سامنے آ گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق ہیڈ کوچ مائیک ہیسن ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کے لیے سلمان علی آغا کی بجائے صاحبزادہ فرحان کو باقاعدہ کپتان بنانے کے حامی ہیں، جبکہ آئندہ سیریز کے لیے زیادہ سے زیادہ نوجوان کھلاڑیوں کو میدان میں اتارنے کا بھی قوی امکان ہے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ یہ تمام فیصلے 2028 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک طویل مدتی کھلاڑیوں کا پول تیار کرنے کے منصوبے کے تحت کیے جا رہے ہیں، جس کے باعث فخر زمان، شاہین آفریدی اور حارث رؤف کی ٹیم میں واپسی کا فی الحال کوئی امکان نہیں ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل سیریز رواں سال 9، 11 اور 13 اکتوبر کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلی جائے گی۔
