پاکستان کی مینز کبڈی ٹیم ایشین گیمز کی تاریخ میں پہلی مرتبہ سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرنے میں ناکام ہو گئی ہے، جس کے بعد قومی ٹیم پہلی بار اس بڑے ایونٹ سے بغیر کسی تمغے کے وطن واپس لوٹے گی۔ آئچی ناگویا ایشین گیمز میں پاکستان کی سیمی فائنل میں پہنچنے کی تمام امیدیں آخری گروپ میچ میں ایران کے ہاتھوں 51-30 کی شکست کے ساتھ ہی دم توڑ گئیں۔ قومی ٹیم نے گروپ مرحلے کے دوران کل 4 میچز کھیلے جن میں سے وہ صرف 2 میں کامیابی حاصل کر سکی۔ پاکستان نے اپنی مہم کا آغاز تو شاندار انداز میں کیا تھا جہاں اس نے ملائیشیا کے خلاف 65-22 اور نیپال کے خلاف 58-43 سے کامیابی سمیٹی، تاہم تھائی لینڈ کے خلاف 48-45 کی اپ سیٹ شکست نے قومی ٹیم کے لیے مشکلات کھڑی کر دیں۔
آخری اور فیصلہ کن گروپ میچ میں مضبوط ایرانی ٹیم کے خلاف بھی پاکستانی کھلاڑی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے اور 51-30 سے شکست کھا کر باضابطہ طور پر سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہو گئے۔ واضح رہے کہ کبڈی 1990 سے مستقل طور پر ایشین گیمز کا حصہ چلی آ رہی ہے اور پاکستان نے اس سے قبل کھیلے گئے ہر ایڈیشن میں مینز کبڈی میں کوئی نہ کوئی تمغہ ضرور حاصل کیا تھا۔ پاکستان نے ایشین گیمز مینز کبڈی میں مجموعی طور پر 9 میڈلز جیت رکھے ہیں جن میں 2 سلور اور 7 برانز میڈلز شامل ہیں، لیکن اس بار گروپ مرحلے سے اخراج کے بعد یہ پہلا موقع ہوگا کہ قومی کبڈی ٹیم خالی ہاتھ وطن واپس لوٹے گی۔
