اکتوبر 2, 2026

حافظ نعیم الرحمان کا وزیراعظم کی واپسی تک اسلام آباد لانگ مارچ مؤخر کرنے کا اعلان، ملتان میں پڑاؤ رہے گا

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے ملتان میں پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کی وطن واپسی تک اسلام آباد لانگ مارچ مؤخر کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے، لیوی اور ناجائز ٹیکسز کے خلاف احتجاج اور تحریک سے پیچھے نہیں ہٹے گی، تاہم وزیراعظم کی درخواست اور وطن واپسی پر ملاقات کی یقین دہانی پر طویل مشاورت کے بعد مارچ کو مؤخر کیا گیا ہے، اور وزیراعظم کی واپسی پر ان سے تحریری یقین دہانی کے حصول کے لیے مذاکرات کیے جائیں گے جبکہ اس دوران کارکنوں کا ملتان میں پڑاؤ رہے گا۔

حافظ نعیم الرحمان نے مزید کہا کہ عوام مہنگائی کی آگ میں جل رہے ہیں اور ہماری شٹر ڈاؤن ہڑتال سے حکومت پر دباؤ پڑا، حکومت آئی ایم ایف کے پروگرام کا عذر پیش کر کے پیٹرولیم لیوی کم کرنے سے گریزاں ہے، حالانکہ پیٹرول کی قیمت بڑھنے سے ہر چیز مہنگی ہو رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ لانگ مارچ سے پہلے وزرا سے 3 سے 4 دورہ مذاکرات ہو چکے ہیں اور حکومت کا دیا گیا ریلیف ناکافی ہے، پیٹرولیم مصنوعات پر جاری ناجائز ٹیکسز ختم کیے جائیں تو دھرنا فوراً ختم کر دیا جائے گا۔