اکتوبر 2, 2026

پاکستانی اے این ایف اور امریکی ڈی ای اے کی مشترکہ کارروائی، اربوں روپے مالیت کی کرسٹل میتھ برآمد، متعدد گرفتار

پاکستان اور امریکا کے درمیان انسدادِ منشیات تعاون کے تحت کی جانے والی ایک بڑی کارروائی میں اربوں روپے مالیت کی 463 کلوگرام کرسٹل میتھ پکڑی گئی ہے۔ امریکی سفارت خانے کے مطابق 30 اگست کو افغانستان سے منسلک منشیات نیٹ ورک کے خلاف پاکستانی اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) اور امریکی ڈرگ انفورسمنٹ ایڈمنسٹریشن (ڈی ای اے) نے مشترکہ کارروائی کی، اور یہ مشتبہ کنٹینرز پاکستان سے کولمبو (سری لنکا) روانہ کیے جانے تھے۔

امریکی سفارت خانے کے مطابق برآمد ہونے والی 463 کلوگرام کرسٹل میتھ کی مالیت تقریباً 2 کروڑ 10 لاکھ ڈالر (پاکستانی کرنسی میں 5 ارب 82 کروڑ 15 لاکھ 4 ہزار روپے) ہے، جس میں امریکا، پاکستان اور سری لنکا کے اداروں نے باہمی تعاون کیا اور کارروائی کے دوران متعدد مشتبہ افراد کو بھی گرفتار کیا گیا۔ امریکی سفارت خانے کا کہنا ہے کہ امریکا پاکستان کی انسداد منشیات فورس کی صلاحیت بڑھانے اور تربیت میں اپنی معاونت آئندہ بھی جاری رکھے گا۔