پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے حکمران اتحاد سے بامعنی اور بااختیار سیاسی مذاکرات کے لیے آمادگی ظاہر کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف سے سیاسی رہنماؤں پر مشتمل کمیٹی تشکیل دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر علامہ راجا ناصر عباس نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو بحران سے نکالنے کے لیے دونوں طرف سے بااختیار اور فیصلہ کرنے والے سیاسی لوگ بیٹھیں تو معاملات کا حل نکل سکتا ہے، اور حکومتی رضامندی پر ہماری جانب سے مذاکرات کے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں۔
دوسری جانب، چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے انکشاف کیا ہے کہ گزشتہ رات سے وفاقی سطح پر متعلقہ حلقوں سے رابطے جاری ہیں جن میں اپنا مؤقف پہنچا دیا گیا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ حالیہ گرفتاریاں صورتحال کو مزید سنگین بنا دیں گی، اور واضح کیا کہ ہم اسلام آباد پر چڑھائی کرنے نہیں جا رہے بلکہ پارلیمنٹ، سینیٹ اور ہر فورم پر شنوائی نہ ہونے کے باعث احتجاج ہمارا مجبوری کا راستہ ہے۔
