امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰان کی قیادت میں پیٹرولیم لیوی ٹیکس اور مہنگائی کیخلاف نکالا گیا ’سپر ٹرین لانگ مارچ‘ کراچی سے طویل سفر کے بعد ملتان ریلوے اسٹیشن پہنچ گیا، جہاں کارکنوں کی بڑی تعداد نے شاندار استقبال کیا۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں حافظ نعیم الرحمٰان نے انکشاف کیا کہ ان کی ٹرین کو جان بوجھ کر چار گھنٹے تاخیر کا شکار بنایا گیا، مگر عوام نے بھرپور شرکت کر کے سازش کرنے والوں کو واضح پیغام دے دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے بعد اب جنوبی پنجاب اور جلد وسطی پنجاب میں بھی عوام سڑکوں پر نکلیں گے۔
حافظ نعیم الرحمٰان نے حکومت کوتبلیغی اور تنبیہی انداز میں کہا کہ کنٹینرز دھرے کے دھرے رہ جائیں گے اور حکومت پیٹرولیم مصنوعات پر بھتہ نما لیوی ٹیکس سے فوری باز آئے، عوام کو ریلیف دیں تو انہیں کوئی انا کا مسئلہ نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیاسی جماعتیں عوامی حقیقی مسائل پر سیاست نہیں کرتیں، کسان سے 2200 روپے من گندم لے کر عوام کو 6 ہزار روپے میں فروخت کی جاتی ہے جبکہ آٹا اور شوگر مافیا نے حکمران جماعتوں میں گھس کر غریبوں کا استحصال کر رکھا ہے۔
