فیصل آباد میں رورل ہیلتھ سینٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے اس امر کا اعتراف کیا کہ اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ موجودہ دور کی شدید مہنگائی نے ملک کے ہر عام شہری کی زندگی انتہائی مشکل بنا دی ہے، تاہم مہنگائی کی بنیادی اور اصل وجہ پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ ہے۔
رانا ثنا اللہ نے واضح کیا کہ یہ تاثر مکمل طور پر غلط اور بے بنیاد ہے کہ حکومت خود بخود پیٹرول کی قیمتیں بڑھاتی ہے، کیونکہ دنیا کے ہر ملک میں مہنگائی کا رجحان موجود ہے جس کی بنیادی وجہ بین الاقوامی سطح پر پیٹرولیم مصنوعات کا مہنگا ہونا ہے۔ لانگ مارچ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا دنیا کے کسی بھی مہذب ملک میں لانگ مارچ اور مار دھاڑ کا کلچر ہوتا ہے؟ انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ والوں کو فی الحال سمجھانے کی کوشش کی جارہی ہے، لیکن اگر لانگ مارچ والے باز نہ آئے تو انہیں قانون کے مطابق اچھی طرح سمجھا دیا جائے گا۔ یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے آئندہ 27 ستمبر کو اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کا اعلان کر رکھا ہے۔
