بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کی جانب سے ایشیا کپ کی مینز اور ویمنز کی ٹرافیاں جلد حاصل کرنے کی تمام تر امیدیں دم توڑ گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق ایشیا کپ کی دونوں تاریخی ٹرافیاں اس وقت پاکستان میں موجود ہیں اور یہیں رہیں گی۔ واضح رہے کہ گزشتہ برس بھارتی مینز ٹیم نے دبئی میں جبکہ گزشتہ اتوار کو بھارتی ویمنز ٹیم نے بھی ایونٹ جیتنے کے بعد ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے صدر محسن نقوی سے ٹرافی وصول کرنے سے انکار کر دیا تھا، جس کے باعث دونوں ٹرافیاں اب بھی اے سی سی کے صدر محسن نقوی کی تحویل میں ہیں۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ٹرافیاں حاصل کرنے کے لیے بھارتی کرکٹ بورڈ کو باقاعدہ رضامندی ظاہر کرنا ہوگی، تاہم دونوں ٹرافیاں اے سی سی کے صدر محسن نقوی ہی اپنے ہاتھوں سے دیں گے۔ دوسری جانب بی سی سی آئی کے سیکرٹری دیواجیت سائیکیا کے بیان پر کہ ایشیا کپ کی ٹرافیاں بالآخر ممبئی میں بھارتی بورڈ کے ہیڈ کوارٹر ضرور پہنچیں گی، ذرائع نے واضح کیا ہے کہ بھارتی بورڈ کی جانب سے ٹرافیوں کی واپسی کی کوئی ٹائم لائن نہیں دی جا سکتی اور نہ ہی یہ ٹرافیاں کسی اور ذریعے سے منتقل کی جائیں گی۔
