امریکا کی سب سے قدیم اور معتبر لغت ’’میریم ویبسٹر‘‘ میں جدید زبان، تحریر اور عوامی بولی کے بدلتے رجحانات کو مدِنظر رکھتے ہوئے 1400 نئے الفاظ شامل کر لیے گئے ہیں۔ لغت انتظامیہ کے مطابق ان نئے الفاظ کو شامل کرنے کا مقصد جدید دور کی ثقافت، سوشل میڈیا کی اصطلاحات اور معاصر کھانے پینے کی اشیاء کو انگریزی لغت کا باضابطہ حصہ بنانا ہے۔ ان نئے اضافہ جات میں چینیوں کا مشہور اور پسندیدہ ساس ’چلی کرسپ‘ (Chili crisp) بھی شامل ہے جسے اب انگریزی کا باضابطہ لفظ تسلیم کر لیا گیا ہے۔
اسی طرح لغت میں کئی دلچسپ اور عام استعمال ہونے والی سوشل اصطلاحات کو بھی جگہ دی گئی ہے، جن کے تحت یکطرفہ محبت یا کسی شخصیت سے دور رہتے ہوئے جذباتی تعلق رکھنے والے افراد کو ’پیرا سوشل‘ (Parasocial) کہا جائے گا۔ اس کے علاوہ اگر کسی شخص کی داڑھی صرف اس کی گردن پر موجود ہو تو اس کے لیے ’نیک بیئرڈ‘ (Neckbeard) کی اصطلاح مختص کی گئی ہے، جبکہ سردیوں کی آمد سے پہلے اپنے لیے محبوب یا جیون ساتھی تلاش کرنے کے مخصوص موسم کو ’کفنگ سیزن‘ (Cuffing season) کا نام دیا گیا ہے۔
