پیٹرولیم لیوی کے خلاف 35 روز سے جاری جماعت اسلامی کراچی کا گورنر ہاؤس کے باہر دھرنا ختم ہو گیا ہے۔ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کراچی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا کہ آج بذریعہ ٹرین اسلام آباد لانگ مارچ کا آغاز ہو گا، جس میں خیبر پختونخوا، بلوچستان اور سندھ سے قافلے شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو لوٹنے کے لیے شوگر، آٹا، آئی پی پی اور بینکوں کے مافیا باہم ملے ہوئے ہیں۔
نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے حکومتی ٹیم سے مذاکرات کا پانچواں دور ختم ہونے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ امیر جماعت اسلامی کی قیادت میں سپر لانگ مارچ آج کراچی سے روانہ ہو رہا ہے۔ جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے عزم کا اظہار کیا کہ جب تک عوام کے مطالبات اور ریلیف کا معاملہ حل نہیں ہوتا، یہ جمہوری و عوامی جدوجہد جاری رہے گی۔
