ستمبر 19, 2026

احتجاج کا شوق نہیں، حکومت پیٹرولیم لیوی ختم کرے تو مارچ منسوخ کر دیں گے: حافظ نعیم الرحمان

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کو احتجاج یا دھرنوں کا کوئی شوق نہیں ہے، اگر حکومت آج ہی پیٹرولیم لیوی ختم کرنے کا اعلان کر دے تو ہم اپنا لانگ مارچ فوری منسوخ کر دیں گے۔ خیبر پختونخوا میں عوام کے بڑے جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم لیوی کے خلاف 20 ستمبر سے ہمارا لانگ مارچ شروع ہو رہا ہے اور مختلف مراحل سے گزرتا ہوا 23 یا 24 ستمبر کو اسلام آباد پہنچے گا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ وہ خود کراچی سے ٹرین مارچ کے ذریعے اسلام آباد کی جانب روانہ ہوں گے۔ حافظ نعیم الرحمان نے بتایا کہ جماعت اسلامی نے عوامی راحت کے لیے حکومت کو متعدد مثبت تجاویز پیش کی ہیں لیکن حکمران انہیں تسلیم کرنے سے مسلسل انکار کر رہے ہیں، تاہم اگر مارچ کے راستے میں کوئی رکاوٹ کھڑی کی گئی تو اس رکاوٹ کو دور کر کے آگے بڑھیں گے۔

امیر جماعت اسلامی نے اپنے خطاب میں سیاسی نظام پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ محض پارٹیاں اور چہرے بدلنے سے عوام کے حالات نہیں بدلتے، اور جن جماعتوں کے اندر خود مافیا موجود ہو وہ عوام کے حق میں اور مافیاز کے خلاف کیسے آواز اٹھا سکتی ہیں۔ انہوں نے خیبرپختونخوا حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت کو بھی اپنے داخلی اور عوامی مسائل پر توجہ دینی چاہیے کیونکہ نہ تو معیشت کی حالت بہتر ہو رہی ہے اور نہ ہی امن و امان قائم ہو رہا ہے۔ واضح رہے کہ جماعت اسلامی نے پیٹرولیم لیوی اور مہنگائی کے خلاف 20 ستمبر سے اسلام آباد کی جانب ملک گیر لانگ مارچ کا باقاعدہ اعلان کر رکھا ہے۔