ایف آئی ایچ ورلڈ کپ میجک اسکل ایوارڈز کا اعلان: پاکستان کے عبدالرحمان کا گول عالمی سطح پر بہترین قرار

انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن (ایف آئی ایچ) نے ہاکی ورلڈ کپ کے باوقار ‘میجک اسکل ایوارڈز’ کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت مینز کیٹیگری میں پاکستان کے نوجوان کھلاڑی عبدالرحمان نے یہ عالمی اعزاز اپنے نام کر لیا ہے۔ عبد الرحمان نے میگا ایونٹ کے دوران ویلز کے خلاف میچ میں شاندار تھری ڈی اسکلز کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف ٹیم کے چار دفاعی کھلاڑیوں کو زبردست ڈاج دیا اور ایک نہایت خوبصورت اور یادگار گول اسکور کیا۔ اس ایوارڈ کی دوڑ میں دنیا کے تین بہترین کھلاڑیوں کو شارٹ لسٹ کیا گیا تھا جن میں عبدالرحمان کے علاوہ جنوبی افریقا کے کینٹن میلویل اور فرانس کے کرٹی ایلٹ شامل تھے۔ عبدالرحمان نے سخت اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد 44 فیصد ووٹس حاصل کر کے کامیابی حاصل کی، جبکہ دوسرے نمبر پر آنے والے جنوبی افریقا کے کینٹن میلویل کو 39 فیصد ووٹس ملے۔

دوسری جانب ویمنز کیٹیگری میں بھارت کی گول کیپر بیچو دیوی کریبام نے 52 فیصد ووٹس حاصل کر کے ایوارڈ پر قبضہ جمایا، جنہوں نے انگلینڈ کے خلاف میچ کے آخری منٹ میں سنسنی خیز ریفلیکس سیو کیا تھا۔ واضح رہے کہ اگست میں بیلجیئم اور نیدرلینڈز کی مشترکہ میزبانی میں کھیلے گئے ہاکی ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم کی مجموعی پوزیشن 11 ویں رہی، تاہم پاکستان کے عبدالرحمان کے اس شاہکار گول کو پورے ٹورنامنٹ کا سب سے بہترین گول قرار دیا گیا۔ اس میگا ایونٹ کے فائنل میں جرمنی نے اسپین کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے ہرا کر عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا، جبکہ خواتین کا ٹائٹل ارجنٹینا نے نیدر لینڈز کو پنالٹی شوٹ آؤٹ پر شکست دے کر اپنے نام کیا تھا۔

Exit mobile version