اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان نے مالیاتی شعبے میں ایک بڑی بین الاقوامی کامیابی حاصل کرتے ہوئے پائیدار خودمختار پانڈا بانڈ (Sovereign Panda Bond) کے کامیا ب اجرا پر عالمی اعزاز اپنے نام کر لیا ہے۔ مشیر وزارت خزانہ خرم شہزاد کی جانب سے جاری کردہ باضابطہ بیان کے مطابق پاکستان کے اس پانڈا بانڈ میں بین الاقوامی سرمایہ کاروں کی دلچسپی اور طلب اس کے اصل حجم سے 5 گنا زیادہ ریکارڈ کی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ اس تاریخی کامیابی کی بدولت پاکستان کو دنیا کے نئے اور بڑے ادارہ جاتی سرمایہ کاروں تک براہ راست رسائی حاصل ہوئی ہے، جس سے پاکستان اور چین کے درمیان طویلابمدت مالیاتی و معاشی روابط مزید مستحکم اور مضبوط ہو کر سامنے آئے ہیں۔
مشیر وزارت خزانہ خرم شہزاد نے مزید تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ پانڈا بانڈ کے ذریعے حاصل ہونے والی رقم ملک بھر میں پانی، توانائی اور صحت کے بنیادی اور اہم بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں پر خرچ کی جائے گی، جس سے پاکستان میں گرین اور سماجی طور پر جامع سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہوئے ہیں۔ واضح رہے کہ پاکستان نے مئی 2026 میں 1.75 ارب چینی یوآن کا پانڈا بانڈ جاری کیا تھا، جس کی مدتِ میعاد 3 سال اور اس پر 2.5 فیصد کوپن ریٹ مقرر کیا گیا تھا، جسے عالمی مالیاتی مارکیٹ میں بے حد پذیرائی حاصل ہوئی۔
