خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں: 10 خوارج ہلاک، پاک فوج کے 6 بہادر جوان شہید

خیبرپختونخوا (نیوز ڈیسک) سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں مؤثر کارروائیاں کرتے ہوئے بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنتہ الخوارج کے 10 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا جبکہ ایک بارودی سرنگ کے دھماکے میں پاک فوج کے 6 بہادر جوانوں نے جامِ شہادت نوش کیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 15 سے 17 ستمبر کے دوران شمالی وزیرستان میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کیا گیا جہاں فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو شدید فائرنگ کے تبادلے میں نشانہ بنا کر 6 خوارج کو جہنم واصل کیا، جبکہ ضلع ہنگو میں ایک اور کارروائی کے دوران مزید 4 خوارج کو ہلاک کر دیا گیا۔ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا ہے جو علاقے میں دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 17 ستمبر کو سکیورٹی فورسز کے ایک قافلے کو دشمن کی جانب سے بارودی سرنگ (آئی ای ڈی) کے ذریعے نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں پاک فوج کے 6 جرات مند جوانوں نے مادرِ وطن کے دفاع اور سلامتی کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ ترجمان پاک فوج نے مزید بتایا کہ علاقے میں موجود دیگر ممکنہ خوارج کے مکمل خاتمے کے لیے سرچ اور کلیئرنس آپریشنز مسلسل جاری ہیں۔ آئی ایس پی آر نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ بہادر جوانوں کی یہ بے مثال قربانیاں ہر قیمت پر ملک کی سلامتی اور تحفظ کو یقینی بنانے کے ہمارے قومی عزم کو مزید مضبوط اور پختہ کرتی ہیں۔

Exit mobile version