گجرات (نامہ نگار) ڈی پی او گجرات فیصل شہزاد کی خصوص ہدایت پر ڈی ایس پی سرائے عالمگیر نعیم اقبال گجر نے ہائیر سیکنڈری اسکول سرائے عالمگیر میں بچوں اور خواتین کے تحفظ کے حوالے سے منعقدہ ایک خصوصی آگاہی سیمینار اور بیداری واک میں شرکت کی۔ اس اہم سیمینار کے دوران بچوں اور خواتین کو ان کے قانونی و بنیادی حقوق، ذاتی تحفظ، ہراسانی و تشدد سے بچاؤ کے طریقہ کار اور کسی بھی ناخوشگوار یا ایمرجنسی صورتحال میں پولیس سے فوری اور بلامعاوضہ رابطے کی سہولیات کے بارے میں تفصیلی آگاہی فراہم کی گئی۔ سیمینار کے اختتام پر ایک آگاہی واک بھی کی گئی، جس میں کثیر تعداد میں طلباء، اساتذہ اور پولیس افسران نے حصہ لیا۔
گجرات پولیس کی جانب سے چلائی جانے والی اس جامع آگاہی مہم کا بنیادی مقصد شہریوں، بالخصوص بچوں اور خواتین کو اپنے حقوق کے حوالے سے بااختیار بنانا اور ایک محفوظ اور پُر امن معاشرے کے قیام کے لیے مؤثر اقدامات کو فروغ دینا ہے۔ تقریب کے دوران ڈی ایس پی نعیم اقبال گجر نے اس بات پر زور دیا کہ پولیس عوام کی حفاظت کے لیے ہر وقت کوشاں ہے اور تمام تر وسائِل کو بروئے کار لاتے ہوئے خواتین اور بچوں کو ہراسانی و تشدد کے خلاف مکمل تحفظ اور انصاف کی فوری فراہمی فراہم کی جائے گی تاکہ وہ بلا خوف و خطر اپنی تعلیم و زندگی کے امور سرانجام دے سکیں۔
